تازہ ترین

راشن کی قلت، بجلی کی نایابی اور حد سے زیادہ مہنگائی انتظامی ناکامی :نیشنل کانفرنس

16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے راشن کی قلت، بجلی کی عدم دستیابی اور مہنگائی کو گورنر انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی ایک مسلم اکثریتی ریاست کے لوگ بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں۔ پارٹی کے شمالی زون صدر محمد اکبر لون، وسطی زون صدر علی محمد ڈار اور جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے ایک مشترکہ بیان میں گورنر انتظامیہ کے کام کاج کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف لوگ بنیادی ضروریات کیلئے ترس رہے ہیں اوردوسری جانب ذرائع ابلاغ میں سب کو ٹھیک جتلا کر بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں ۔بیان کے مطابق صارفین سے اشیائے خوردو نوش کی من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں لیکن انتظامیہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں ناکام دکھائی رہے رہی ہے۔ لیڈران نے کہا کہ سحری اور افطار کے وقت لوگوں کو بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے اورانتظامی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ لوگوں کے سڑکوں پر آنے کے باوجود بھی نہ تو راشن کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے اور نہ بجلی کی سپلائی میں کوئی بہتری لائی جارہی ہے۔ پارٹی کے زون صدور نے گورنرستیہ پال ملک پر زور دیا کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر انتظامیہ کو متحرک کریں اور لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے اقدامات کریں۔