ناجائز منافع خوری کی روکتھام ،حکام کا بازاروں کا معائنہ

زیادہ دام وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی:ڈپٹی کمشنر

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//  گزشتہ دنوں کی برف باری کے بعد سرینگر جموں شاہراہ کے بند رہنے کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ کو روکنے کیلئے  حکام نے اتوار کو شہر کے بازاروں کا معائنہ کیا۔ایک سرکاری بیان کے مطابق ضلع سرینگر کے تمام7 تحصیلوں میں حکام نے بازاروں کا معائنہ کرکے سرکار کی طرف سے مقرر کئے گئے نرخوں پراشیائے ضروریہ کی فروخت اور معیار کاجائزہ لیاتاکہ ناجائز منافع خوری اور کالا بازاری کوروکا جائے۔اس دوران کئی تجارتی اداروں کو  گاہکوں سے زیادہ دام وصول کرنے اور دیگر ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں مقفل کیاگیا ۔ تجارتی اداروں اور دکانداروں کو متنبہ کیاگیا کہ وہ ضروری اشیاء کو مقررہ داموں پر ہی فروخت کریں اور ناجائز طور منافع کمانے سے گریز کریں۔ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ نے بھی شہر کے کئی بازاروں کا معائنہ کیا۔انہوں نے حکام کو تاکید کی کہ وہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ داموں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے بازاروں کی مکمل چیکنگ کریں ۔انہوں نے کہا کہ جموں سرینگر شاہراہ کی بحالی تک بازاروں کا معائنہ جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ناجائز منافع خوروں کو متنبہ کیا کہ وہ گاہکوں سے مقررہ داموں سے زیادہ وصول نہ کریں۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی شکایت کیلئے ڈپٹی کمشنرکے دفتر کی ہیلپ لائن  نمبر7051112345پررابطہ قائم کریں۔