تازہ ترین

ٹریفک جاموںسے بچنا وقت کی اہم ضرورت

سکندن کی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرنے کی تلقین

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
جموں//گورنر کے مشیر کے سکندن نے ریاست میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مستحکم بنانے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جامنگ پر قابو پانے کیلئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار 30 ویں قومی روڈ سیفٹی ہفتے کی ختتامی تقریب پر کیا ۔ اس تقریب کا اہتمام موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ نے ٹریفک پولیس جموں کے اشتراک سے کیا تھا ۔ یہ تقریب پولیس آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی ۔ روڈ سیفٹی ہفتے کا موضوع ’’ سڑک سرکھشا ۔ جیون رکھشا ‘‘ تھا ۔ تقریب پر پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید ، آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار ، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر اعجاز عبداللہ اور دیگر افسران کے علاوہ طالب علموں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ اُن مقامات کا تفصیلی جائیزہ لیا جانا چاہئے جہاں حادثوں کے زیادہ امکانات رہتے ہیں تا کہ وہاں پر بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے سڑک سرکھشا کے ساتھ ساتھ جیون رکھشا پر توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کی۔ مشیر موصوف نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے علاوہ انسانوں کی سلامتی زیادہ اہم ہے اور اس سلسلے میں نوجوانوں کے ساتھ نشستوں کا اہتمام کیا جانا چاہیے تا کہ روڈ سیفٹی کے بارے میں جانکاری کو عام کیا جا سکے ۔ موثر عوامی پالیسی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ اس سلسلے میں اگرچہ پہلے ہی بہت کچھ کیا جا چکا ہے تا ہم پالیسی کی ترتیب میں ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے انہوں نے ٹریفک قوانین کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ کے سکندن نے کہا کہ محفوظ سفر کیلئے قواعد و ضوابط کی پاسداری انتہائی لازمی ہے ۔ مشیر موصوف نے طالب علموں اور رضا کاروں کو فسٹ ایڈ کی تربیت فراہم کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی ۔ انہوں نے ہفتے بھر کی کامیاب تقریبات کے انعقاد کیلئے ٹرانسپورٹ محکمہ اور ٹریفک پولیس کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے ان پروگراموں میں طالب علموں کی شرکت کی بھی سراہنا کی ۔ اپنے خطاب میں پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے لوگوں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ اس موضوع پر طالب علموں کیلئے سلیبس میں ایک مضمون شامل کرنے پر زور دیا ۔ ٹرانسپورٹ کمشنر ایس پی وید نے پروگرام کے شرکاء کو روڈ سیفٹی کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات اور گذشتہ ہفتے کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ معزز مہمانوں نے پروگراموں میں شرکت کرنے والے سکولوں ، طالب علموں ، فنکاروں ، بائیکروں ، غیر سرکاری رضا کار تنظیموں ، صحافیوں اور دیگر متعلقین کو اعزازت سے نوازا ۔ پروگرام کے دوران معروف لوک فنکاروں بشمول رومالو رام نے روڈ سیفٹی کے موضوع پر ایک پروگرام پیش کیا ۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے ڈرگ ایڈیکشن اور روڈ سیفٹی کے موضوع پر ایک مختصر ڈرامہ پیش کیا گیا ۔ ٹرانسپورٹ کمشنر کی نگرانی میں آر ٹی او جموں نے اعزازات عطا کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ روڈ سیفٹی ہفتے کا آغاز جموں یونیورسٹی میں کیا گیا تھا ۔