تازہ ترین

چار مرتبہ لٹے دوکاندارپھر نقب زنوں کا شکار

سوپور میں تاجروں کا احتجاج، ٹریڈرس فیڈریشن کا اظہار تشویش

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

غلام محمد
 سوپور//شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں نقب زنی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔قصبے میں ایک تازہ واردات کے دوران گزشتہ رات کو چار مرتبہ چوروں کے ہاتھوں تباہ ہوئے ایک دوکان سے پھر سازوسامان اڑالیا گیا۔ چھوٹا بازار میں نصیر احمد غازی ولد محمد یوسف کی دو منزلہ انمول بیوٹی نامی ہوزری دوکان سے نقب زنوں نے دوران شب سارا سازوسامان اڑالیا ۔ دوکان کے مالک نصیر احمد غازی نے بتایا کہ اتوار کی صبح جب وہ دوکان کھولنے کے لئے پہنچا تو انہوں نے اپنی دوکان کو ایک بار پھر لٹتے ہوئے پایا اور دوکان میں موجود لاکھوں روپے کا سازوسامان غائب پایا۔اس سلسلے میں پولیس کی ایک ٹیم موقع واردات پر پہنچی اور کیس درج کر لیا۔ادھر یہ خبر سنتے ہی ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے نائب صدر محمد شفیع چنگال بھی وہاں پہنچ گئے ۔ انہوں نے نقب زنی کی ان وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ ان کی قیادت میں چھوٹا بازار سوپور کے تمام تاجروں نے اپنی اپنی دوکانوں کو احتجاجی طور بند رکھا اورانتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ان نقب زنوں کا سراغ لگانے میں ناکام ثابت ہورہی ہے۔