سڑک کی خراب حالت پر اڑگی کے لوگ برہم

حکام تارکول بچھانے میں ناکام، بارشوں نے مزید ابتر بنادیا

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے اڑگی ، دلہوڑی اور دیگر علاقوں کی عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کے علاقے کو جانے والی سڑک پر تارکول نہیں بچھایاگیاجس کے باعث اس کا حلیہ ہی بگڑ گیاہے ۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے اڑگی ، دلہوڑی ، سگوٹ اور گردونواح کے لوگوں نے بتایاکہ سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے اور انہیں روزانہ مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔ان کاکہناہے کہ پہلے یہ روڈ محکمہ تعمیرات عامہ کے پاس تھی جسے چند برس قبل پی ایم جی ایس وائی کی نگرانی میں دیاگیاہے اور اس کی کشادگی کا منصوبہ بھی بنایاگیا۔مقامی شہریوں کلبیر کمار، سنجیت کمار، محمد شاکر وغیرہ نے بتایاکہ سڑک کی کشادگی کا کام بہت ہی سست روی سے آگے بڑھ رہاہے اور اس کشادگی سے سنگل لین روڈ ہی بہتر تھی جس پر کم از کم گاڑیاں تو اچھی طرح سے چلتی تھیں۔انہوں نے بتایاکہ اس سڑک پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ آمدورفت کرتے ہیں جنہیں اس کی خراب حالت کی وجہ سے پریشان ہوناپڑرہاہے کیونکہ اس پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کی وجہ سے اس کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے اور اس پر گاڑی چلانا ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کے کام میں تیزی لانے اور اس پر تارکول بچھانے کی بارہا مانگ کی گئی مگر ابھی تک کچھ نہیں کیاگیا۔وہیں پردھان منتری سڑک یوجنا کے حکام نے بتایاکہ اڑگی سے دلہوڑی سڑک کی اپ گریڈیشن کاکام ایک ٹھیکہ دار کو الاٹ کیاگیاہے جس نے یہ کام شروع بھی کردیاہے ۔ایک افسر نے بتایاکہ زمین کی کٹائی اور کشادگی کا کام مکمل ہوگیاہے اور نکاسی کاکام ہورہاہے اور وہ اب آگے کاکام کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایاکہ بارشوں کی وجہ سے سڑک پر پھسلن پیدا ہواہے جس سے کام میں پریشانی آرہی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی تو اگلے مرحلے کاکام شروع ہوجائے گااور پھر تارکول بچھانے کاکام اپریل تک شروع کردیاجائے گا۔