تازہ ترین

مینڈھر کی متعدد سڑکیں بند ، بجلی اور پانی کی سپلائی بھی متاثر ،لوگ مشکلات کے بھنور میں

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جاوید اقبال
مینڈھر//گزشتہ دنوں کی طوفانی برف باری اور بارشوں کے دوران اسمبلی حلقہ مینڈھر کی کئی سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ بجلی کی ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا اور پانی کی سکیمیں بھی بند پڑی ہیں جس کے نتیجہ میں مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔مینڈھر کے مختلف علاقوں کے عوام نے شکایت کی کہ برفباری کو ہوئے کئی دن گزرگئے ہیں مگر انتظامیہ کی طرف سے بحالی کے اقدامات سست روی سے کئے جارہے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ سڑکوں پر پسیاں پڑی ہوئی ہیں جن کا ملبہ نہیں ہٹایاگیا اور انہیں میلوں کاسفر پیدل طے کرناپڑرہاہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی جگہوں پر ابھی بھی بجلی کی لائنیں ٹھیک نہیں کی گئیں جس کے باعث معمول زندگی درہم برہم ہیں اور طلباء کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے ۔معروف مغل اورمحمد کفیل خان نے بتایاکہ پہاڑی علاقوں کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ فوری طور پر اقدامات کرکے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور سڑکوں پر آمدورفت بحال کرنے کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کی سپلائی بھی بحال کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ پریشانی کی بات ہے کہ کچی سڑکیں پھسلن پیدا ہونے سے بند ہوجاتی ہیں لیکن حکام کی طرف سے ان پر تارکول نہیں بچھایاجارہا۔انہوںنے بتایاکہ کانڈی گلہوتہ ،سلواہ پٹھانہ تیر،ہرنی نکہ ،ہرنی ناڑ،مینڈھر گوہلد اور سنگیوٹ کے علاوہ کئی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدروفت بند ہو کر رہ گئی ہے جن پر فوری طور پر اقدامات کرکے ٹریفک بحال کیاجائے ۔