گورنر کا نوجوانوں کو معیاری تعلیم سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور

بسنت پنچویں اور دین بندھو چودھری چھوٹو رام کے 138 ویں جنم دن پرتقریب

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تا کہ وہ قوم کی تعمیر میں مثبت رول ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے خوابوں کو بھی شرمندہ تعبیر کر سکیں ۔ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے میں تعلیم کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بچوں کو معیاری تعلیم دیں اور انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی شامل کریں ۔ گورنر یہاں جاٹ سبھا چندی گڑھ ، پنچکلاء اور رہبر عظم دین بندھو چودھری چھوٹو رام سبھا جموں کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ یہ توقریب بسنت پنچویں اور دین بندھو چودھری چھوٹو رام کے 138 ویں جنم دن کے موقعہ پر ایس ایم وی ڈی ایس وی کے کانفرنس ہال میں منعقد کی گئی ۔ سٹیل کے مرکزی وزیر وریندر سنگھ ، شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، ایم ایل سی وکرم رندھاوا ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم وی ڈی ایس وی سمرن دیپ سنگھ اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ گورنر نے دین بندھو سر چھوٹو رام کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کی پاسداری کی اور سماج کے پچھڑے طبقوں کی بہبودی کیلئے کام کیا ۔ گورنر نے کہا کہ اُن کی ایمانداری ، ذہانت ، نظریے ، دانشمندی ، اخلاقی اقدار اور جدو جہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ گورنر نے مرکزی حکومت کی طرف سے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس موقعہ پر گورنر نے دین بندھو سر چھوٹو رام کے 138 ویں جنم دن سے متعلق ایک سوینئیر اور کلینڈر جاری کیا ۔ اس سے پہلے ایم وی انٹر نیشنل سکول کے طلاب نے ایک نغمہ پیش کیا ۔ چئیر مین رہبر اعظم دین بندھو چودھری چھوٹو رام سبھا جموں ڈاکٹر ایم ایس ملک نے اس موقعہ پر استقبالیہ خطبہ پیش کیا ۔