تازہ ترین

خورشید گنائی نے جے ٹی جی سی میں دوسرے جموں مہا اتسو گالف کپ کا آغاز کیا

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
جموں //محکمہ سیاحت جموں کی طرف سے جموں توی گالف کورس کے اشتراک سے منعقدہ دوسرے جموں مہا اتسو گالف کپ 2019 کا گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آغاز کیا ۔ یہ ٹورنامنٹ جموں میں گالف کھیل کو بڑھاوا دینے اور صحت مند رہن سہن کو یقینی بنانے کیلئے منعقد کیا جا رہا ہے ۔ مشیر موصوف نے ٹورنامنٹ کے شرکاء کی ستایش کرتے ہوئے جموں مہا اتسو کے دوران اس طرح کا مقابلہ منعقد کرنے کیلئے ڈائریکٹر ٹورازم جموں او پی بھگت اور سیکرٹری جے ٹی جی سی ہتیش گپتا کو مبارکباد دی ۔ خورشید گنائی نے سیکرٹری موصوف کو ہدایت دی کہ وہ گالف کورس میں ارکان کیلئے سہولیات میں مزید بہتری لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ گالف کورس میں سومنگ پول تعمیر کرنے کیلئے فوری طور سے منصوبہ تیار کیا جانا چاہئیے ۔ سیکرٹری کے مطابق آج کے ٹورنامنٹ میں 96 کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ جن کا تعلق ریاست کے مختلف علاقوں سے تھا اور انہیں مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ ناظمِ سیاحت جموں نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ جے ٹی جی سی ارکان نے جے ٹی جی سی کے سیکرٹری کی کوششوں کی تعریف کی کیونکہ وہ ہر ماہ ایک ایک ٹورنامنٹ کا انعقاد کر کے گالف کورس کو چالو رکھتے ہیں ۔ انہوں نے جے ٹی جی سی میں التوا میں پڑے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ جموں ملک کے شمالی حصے میں سیاحوں کیلئے گالفنگ کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر سامنے ابھر کر آ رہا ہے ۔ جموں توی گالف کورس خوبصورتی کی ایک منفرد مثال ہے جو دریائے توی کے بائیں کنارے پر واقع ہے ۔