تازہ ترین

نوجوانوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کا فروغ

۔17فروری سے آڈیشن شروع ہونگے : انٹرنیشنل آیکونک فیڈریشن

8 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر// وادی کے نوجوانوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ہنر کے فروغ کیلئے’’ انٹرنیشنل آیکونک فیڈریشن‘‘ نے کشمیر میں17فروری سے سرینگر میں مختلف زمروں میں نوجوانوں کی صلاحیت کی آزمائش کیلئے آڈیشن شروع کرنے کا اعلان کیاہے جس کے دوران مسٹر ایکون ورلڈ کشمیر کا انتخاب ہوگا۔ ایوان صحافت میں ’’ انٹرنیشنل آیکونک فیڈریشن‘‘ کے چیف ایگزیکٹو افسر محمد نگم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا یہ پانچواں مرحلہ ہے تاہم امسال اس کا آغاز وادی سے ہو رہاہے۔انہوںنے کہاکہ دو بار دوبئی اور 2بار بھارت کے علاوہ ایک بار اٹلی میں اس کا فائنل ہواہے۔ محمد نگم نے کہا کہ وادی میں30برس تک کی عمر میں10نوجوانوں کا انتخاب ہوگا اور ان میں سب سے زیادہ ہنر مند اور با صلاحیت نوجوان کو مسٹر ایکان ورلڈ کشمیر منتخب کیا جائے گا اور بعد میں وہ کُل ہند سطح پر مقابلوں میں شرکت کرینگے،جس کے دوران انہیں مکمل تربیت اور ان کے اخرجات کی ذمہ داری بشمول بیرون ملکوں میں تقاریب کے دوران رہنے کے اخراجات و سفری خرچہ بھی ’’ انٹرنیشنل ایکونک فیڈریشن‘‘ ہی اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مواقع سے نوجوانوں کو جہاں اپنے ہنر کو سامنے لانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا ہوگا وہی انکے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھار کر انہیں بہتر کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں سے وادی میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور نوجوانوں کی تربیت سازی بھی ہوگی۔پریس کانفرنس میں ’’ انٹرنیشنل ایکونک فیڈریشن‘‘ کے منیجر محمد عرفان اور دیگر لوگ  موجود تھے۔