تازہ ترین

چکورہ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجو کو خراج عقیدت

8 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//حریت (ع)اورمسلم لیگ نے چکورہ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجو کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔حریت(ع) نے چکورہ لیتر میں فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی میںجاں بحق ہوئے ایک مقامی عسکریت پسند عرفان احمد شیخ اور  سکمز میںزخموں کی تاب نہ لاکر لقمہ اجل بنے 13 سالہ کمسن طالب علم جنید بلال کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ کشمیر مسئلہ کی وجہ سے کشمیر میں لخت جگروں کے جنازوں کو کندھادینا ایک معمول بن گیا ہے اور گذشہ 70 برسوں خصوصاًپچھلے3 دہائیوں سے ظلم و ستم کے نتیجے میں اب تک 1 لاکھ سے زیادہ قیمتی انسانی جانیں تنازعہ کشمیر اور بھارت کی ہٹ دھرمی کے نذر ہوئیں ہیں۔بیان میںکہا گیا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو ترک کرکے مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے ضمن میں اقدامات کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائے تاکہ کشمیر میں ہورہے روزمرہ کے انسانی و مالی نقصان کو روکا جاسکے اور کشمیری قوم کابھی باقی دنیا کی طرح امن و امان کی زندگی بسر کرنے کا خواب پورہ ہو۔بیان میں بین الاقوامی برداری سے اپیل کی کہ وہ انسانی بنیادوں پر کشمیر کی زمینی حالات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے حکومت ہندوستان پر اپنے اثر رسوخ کا استعمال کرکے کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئیں۔مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سرفروشوں نے دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر جس طرح قوم کی سربلندی کے لئے عظیمت کاراستہ اختیار کیا ، وہ باعث فخر ہے۔مسلم لیگ کے ایک اور دھڑے کے ترجمان محمد صعاد نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اپنے عزیز جانوں کی قربانیاں پیش کرکے ہمارے کندھوں پر عظیم ذمہ داریوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے ادھورے مشن کی تکمیل اورمقصد کے ساتھ والہانہ لگاو کے ساتھ ساتھ استقامت اورپامردگی کا مظاہرہ کریں۔
 
 

محاذ آزادی کا مقبول بٹ اور افضل گورو کو خراج

سرینگر//محاذآزادی نے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی برسیوں پر اُنہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبول بٹ اور افضل گوروکی باقیات کو واپس لانے اور ورثا کے حوالے کرنے میں مدد کریں تاکہ انہیں اپنے مذہبی عقیدے کے مطابق دفن کیا جاسکے۔بیان کے مطابق پارٹی کا ایک اجلاس صد رتنظیم محمد اقبال میر منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نائب صدر قطب عالم،جنرل سیکریٹری جمشید عادل،سیکریٹری ارشاد حسین ،منظور احمد بٹ،ڈاکٹر علی محمد،نذیر احمد،ایڈوکیٹ ارشد خان نے شرکت کی۔اجلاس میںکہا گیاکہ اہل کشمیرکو اپنے ان دونوں قابل فخر سپوتوں پر فخر ہے۔
 

تحریک مزاحمت نے بارہمولہ کے غمزدگان کی ڈھارس بندھائی

سرینگر//تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے ایک وفد کے ہمراہ بارہمولہ جاکر حال ہی جاں بحق ہوئے جنگجوئوں محمد صہیب آخون، ناصر احمد اور مشتاق احمد بٹ کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وفد مشتاق احمد، غلام رسول، شیخ مصعب، ریاض احمد اور محمد رفیق پرمشتمل تھا۔ اس موقع پر بلال احمد صدیقی نے کہا ’’ ہمارے شہداء تحریک آزادی کے حقیقی ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی عظیم الشان قربانیوں کی مرہون منت ہے‘‘