تازہ ترین

سڑک رابطوں کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے:ڈاکٹر فاروق

8 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے صوبائی انتظامیہ سے تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے فوری طور نمٹنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہی علاقوں کے سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی ہے کہ عوام کی راحت رسانی کیلئے ذاتی طور پر اقدامات کی نگرانی کریں اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں۔انہوں نے کہا کہ سڑک رابطوں کی بحالی کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے کیونکہ سڑکوں رابطوں کے منقطع ہونے سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ ڈاکٹر فاروق نے صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ سڑک روابط کے ساتھ ساتھ بجلی سپلائی بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کرناہ، مژھل، ٹنگڈار، گریز، سنتھن ،کپرن ، شوپیان، پہلگام ، مڑ،وڈون ،دھچن، جمہ گنڈ،سنگرونی پلوامہ اور بانہال کے پہاڑی اور دور دراز علاقوں کے علاوہ دیگر دور دراز علاقوں میں جنگی بنیادوں پر برف ہٹائی جائے کیونکہ ان علاقوں میں رہائش پذیر آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ ایسے علاقوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس میسر رکھی جائے جو وادی سے کٹ کر رہ گئے ہیں تاکہ ان علاقوں میں ایمرجنسی کی صورت میں اس سہولیت سے استفادہ کیا جاسکے۔