تازہ ترین

اوڑی میں دارالعلوم کے 3 طلبہ لاپتہ

8 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اوڑی//ظفر اقبال//سرحدی قصبہ اوڑی کے سلطان ڈھکی گاوں میں قائم دارلعلوم زینت القرآن میں زیر تعلیم تین طلبہ تین دن سے لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے اِن بچوں کے اہل خانہ کے علاوہ دارالعلوم انتظامیہ بھی پریشان ہے۔دارلعلوم زینت القرآن سلطان ڈھکی کے منتظم مفتی سجادلاسلام قاسمی نے بتایا کہ اْن کے دارلعلوم میں زیر تعلیم تین طلبہ جن میں شرافت احمدولد محمد شریف نجار(21) ساکنہ نوپورہ سلام آباد اوڑی،توفیق احمد ولد شبیر احمد میر(14) ساکنہ سلطان ڈھکی اوڑی اور جمیل احمد ولد ذاکر حسین منگرال(16) ساکنہ سلطان ڈھکی اوڑی جو منگل کو قریب 12 بجے سے دارالعلوم سے بغیر اطلاع غائب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہیں لگا کہ شاید بچے اپنے گھر گئے ہونگے مگر جب گھروالوں سے دریافت کیا تو بچے گھر بھی نہیں گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ تین دن سے بچوں کے اہل خانہ اور دارالعلوم انتظامیہ اْن کی تلاش کر رہی ہے مگر ابھی تک اْن کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔اْنہوں نے مزید بتایا کہ اْنہوں نے مقامی پولیس چوکی پربھی گمشدگی رپوٹ درج کی ہے۔