تازہ ترین

کسی مخصوص سیاسی پارٹی کی نمائندگی نہ کریں

سرتاج مدنی کا گورنر ستیہ پال ملک کو مشورہ

8 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر لیڈر محمد سرتاج مدنی نے گورنر ستیا پال ملک کے حالیہ بیان پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کا اعلیٰ ترین ادارہ اب محض ایک مذاق بن کے رہ چکا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں مدنی کا کہنا تھا کہ یہ بات تشویشناک اور افسوسناک ہے کہ جس دن سے گورنر ملک نے اپنا عہدہ سنبھالا اس دن سے وہ ہر ایک ٹی وی چینل اور اخبارات سے بات کرکے ایسے مسائل کا انکشاف کرتے ہیں جن سے ان کا کوئی لین دین نہیں اور بغیر زمینی حقائق کو جانے ہوئے وہ الزامات پہ الزامات کا سلسلہ شروع کرتے چلے جارہے ہیں جو کہ گورنر کے عہدے کے عین مخالف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر ملک کے ماضی کے بیانات کو دیکھتے ہوئے اس بات کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کشمیری عوام سے کس قدر بغض رکھتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق جس کسی کے پاس بھی کشمیر میں دو منزلہ مکان ہو و چور ہے ۔ اس کے علاوہ گورنر اپنی ان تھک کوششوں سے ایک سیاسی پارٹی کی آبیاری کرنے میں مگن ہیں اور باقی سیاسی جماعتوں پر بے بنیاد الزامات لگانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہے ۔ مدنی نے کہا یہ بات تشویشناک ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کا اعلیٰ ترین ادارہ یعنی کہ راج بھون اب آپ کے نزدیک ایک مذاق بن کے رہ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیلز ڈیموکریٹک پارٹی کا روز اول سے یہ منشور رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر تمام سیاسی جماعتوں کو اور مختلف نقطہ نگاہ رکھنے والے پارٹیوں کو ایک ساتھ میز پر بلا کر حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ کشمیر کی آئندہ نسلیں چین کی سانس لے سکیں ۔ مدنی نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی چاہتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان ، حریت کانفرنس اور عسکری لیڈران سے بات ہو اور جب تک کہ مسئلے کے پائیدار حل کیلئے یہ کوششیں سر انجام نہ دی جائے تب تک راستی عوام کی زندگی اجیرن ہوتی چلی جائیگی ۔