تازہ ترین

تحقیق کے معیار میں بہتری لائی جائے :گورنر

آل لداخ سٹوڈنٹس ویلفیئرکی 25 ویں سالانہ تقریب منعقد

7 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے آل لداخ سٹوڈنٹس ویلفیئر( اے ایل ایس ڈبلیو اے جے) کی طرف سے منعقدہ25 سالانہ دِن کی تقریب میں حصہ لیا۔چیئرمین قانون سازکونسل حاجی عنائت علی اس موقعہ پر مہمان ذی وقار تھے جبکہ سی ای سی ، ایل اے ایچ ڈی سی کرگل فیروز احمد خان، سونم وانگچک، ریمن میگسیسے اور رولکس ایوارڈ انعام یافتہ اس موقعہ پر خصوصی مہمان تھے۔گورنر نے اے ایل ایس ڈبلیو اے جے کو25 ویں سالانہ دِن کی تقریب منعقد کرنے پر مبارک باد دی اور سٹوڈنٹس یونینوں اور ایسوسی ایشنوں کی تقریبات میں شرکت کرنے میں خوشی کا اظہار کیا۔سٹوڈنٹس یونین کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ان یونینوں کی بدولت طُلاب کو اپنی شخصیت کو نکھارنے اور پُر اعتماد ہونے کا موقعہ ملتا ہے۔ اس موقعہ پرانہوں نے کئی سٹوڈنٹس یونینوں کی مثال دی جنہوں نے ملک کے لئے عظیم لیڈر تیار کئے۔تعلیمی نظام کی طرف خصوصی توجہ دینے والے ممالک کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے مُلک میں موجودہ تعلیمی نظام میں مزید بہتری لانے پر زور دیا اور تحقیقی سرگرمیوں کے معیار میں بھی بہتری لانے پر زور دیا۔ انہوں نے سونم وانگچک کی کوششوں کو سراہا جو تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کی با اختیاری پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہی ایک طریقہ ہے کہ جس سے ایک شخص کے خواب شرمندہ تعبیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے نئی نسل کو تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر زور دیا۔گورنر نے اے ایل ایس ڈبلیو اے جے کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ گورنر نے اس موقعہ پر پیش کئے گئے تمدنی پروگرام کی بھی سراہنا کی۔چیئرمین قانون سازکونسل حاجی عنائت علی، سی ای سی ، ایل اے ایچ ڈی سی کرگل فیروز احمد خان، پریذیڈنٹ  اے ایل ایس ڈبلیو اے جے کے صدر شکیل زکی نے اس موقعہ پر لداخ کے معاملات اُجاگر کئے۔انہوں نے لداخ کے لئے کلسٹر یونیورسٹی کی منظوری کے لئے شکریہ ادا کیا۔