ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

19 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

جکارتہ//ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ سرکاری خبررساں ایجنسی ’ اے پی پی ‘ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے عام انتخابات میں مہاتیر محمد کی جماعت کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ عمران خان نے ملائیشیا کی مستحکم معاشی ترقی میں مہاتیرمحمد کے وڑن کوسراہا اور کہا کہ وہ ایک مدبر اور عالمی رہنما ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور عملی سطح پر اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر مہاتیر محمد نے بھی پاکستان کے حالیہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد دی۔  وزیراعظم نے ملائشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ مہاتیر محمد نے بھی وزیراعظم عمران خان کو ملائیشیا کے جلد دورے کی دعوت دی اور انہوں نے بھی یہ دعوت قبول کر لی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں تھیں۔ اس سے قبل ستمبر کے آغاز میں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈونفرڈ نے دورہ پاکستان میں وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔
 

تازہ ترین