سیاسی جماعتیں صورتحال کی سنجیدگی کاادراک کریں: محبوبہ

12 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر// پی ڈی پی صدر اورسابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حزب کمانڈر ڈاکٹر منان بشیر وانی کی ہلاکت کو نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ منان نے زندگی کے بجائے موت کو ترجیح دی۔محبوبہ مفتی نے مسئلہ کشمیر کو مذاکراتی عمل کے زریعے پاکستان سمیت تمام فریقین کے ساتھ مل کر حل کرنے پر زور دیا۔پی ایچ ڈی اسکالر سے جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہوئے منان بشیر وانی کی ہلاکت کو نقصان قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر اپنا پیغام درج کیا۔انہوں نے تحریر کیا’’آج ایک پی ایچ ڈی اسکالر نے زندگی کے برعکس موت کا انتخاب کیا اور جھڑپ کے دوران جان بحق ہوا،اس کی موت ہمارے لئے مکمل نقصان ہیںکیونکہ ہم ہر روز تعلیم یافتہ نوجوانوں کو کھو رہے ہیں‘‘۔ محبوبہ مفتی نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بات چیت کا راستہ اپنانے بھی زور دیا۔انہوں نے ٹویٹر پر ایک اور پیغام تحریر کیا’’ یہ مناسب وقت ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں صورتحال کی سنجیدگی کا ادراک کریںاور اس خون خرابے کو بند کرنے کیلئے تمام فریقین بشمول پاکستان کے ساتھ تصفیہ کیلئے مذاکراتی عمل کیلئے سہولیات کار بنے‘‘۔حزب کمانڈر ڈاکٹر منان بشیر وانی شمالی کشمیر کے شاٹھ گنڈ لنگیٹ میں فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی میں اپنے ایک ساتھی سمیت جمعرات کو جان بحق ہوئے۔
 

تازہ ترین