مزید خبرں

12 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

بھلیسہ کے کانگریس کارکن کی وفات

غلام نبی آزاد، میر اور قرہ کا اظہار تعزیت

عظمیٰ نیوز 
جموں // راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد نے ٹھاٹھری سے تعلق رکھنے والے کانگریس لیڈرالحاج عبدالرزاق حجام کی موت پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام میںآزاد نے مرحوم لیڈر کو ذہین اورمخلص قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اُن کی موت پورے اندروال کے لئے ایک سانحہ ہے ۔الحاج عبدالرزاق حجام  کے ساتھ روابط کو یاد کرتے ہوئے آزاد نے کہاکہ وہ ایک شریف النفس خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور اپنی لگن اورمحنت سے اُبھر کر سامنے آئے تھے ۔اُنہوں نے غمزدہ خاندان کیساتھ ہمدردی اور یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے اُنہیں یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل کی عطائیگی کی دُعابھی کی ہے ۔غلام نبی آزاد نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعاکی اورمغفرت کی دعاکرتے ہوئے لواحقین کوصبروتحمل کیلئے بھی بارگاہِ الٰہی میں دعاکی۔اُنہوں نے دعاکہ کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کوجنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے۔پارٹی کے دیگرسینئرلیڈران نے بھی الحاج عبدالرزاق حجام کی موت پر گہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے ان میں طارق حمید قرہ، غلام احمد میر اور غلام محمد سروڑی وغیرہ قابل ذکرہیں۔
 
 
 

اُردو یونیورسٹی

 فاصلاتی کورسز کی آخری تاریخ تبدیل

جموں// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں فاصلاتی تعلیم کے کورسز کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے 20؍ اکتوبر کیا گیا ہے۔ پروفیسر پی فضل الرحمن، انچارج ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم کے بموجب، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن - ڈسٹنس ایجوکیشن بیورو کی ہدایت پر یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ اس سال سابقہ کورسز ایم اے (اردو،انگریزی،تاریخ)، بی اے ، بی ایس سی (لائف سائنسز)، بی ایس سی (فزیکل سائنسز)  کے علاوہ  4 نئے کورسس ایم اے عربی ، ایم اے اسلامک اسٹڈیز ، ایم اے ہندی اور بی کام پروگرامسمیں داخلے دیئے جارہے ہیں۔ ایک سالہ ڈپلومہ (ٹیچ انگلش اور جرنلزم و ماس کمیونیکیشن) اور چھ ماہی سرٹی فکیٹ کورسز (اہلیت اردو بذریعہ انگریزی اور فنگشنل انگلش) میں بھی داخلے دستیاب ہیں۔ای پراسپکٹس اور آن لائن درخواست فارم ویب لنک http://manuu.ac.in/admissions/odl2018   پر دستیاب ہے۔ طلبہ معاون خدمات، ہیلپ لائن 040-23008463 اور صرف اوقات دفتر میں 6301910770 پر یا صرف ایس ایم ایس کے لیے 9100677222 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ 
 
 
 

 بیروزگار ی پر قابو پانے کی مشق

۔3ماہ میں پشو و بھیڑ پالن محکمہ میں 450اسامیاں پُر ہو ںگی

سرینگر // پشو و بھیڑ پالن محکمہ تین مہینوں کے اندر ایک خصوصی بھرتی مہم کے ذریعے درجہ چہارم کی 450 آسامیوں کو پُر کرے گا ۔ یہ فیصلہ پشو ، بھیڑ پالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ محکمے کے پرنسپل سیکرٹری نے پشو و بھیڑ پالن محکمے کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر فائنانس ، ایڈیشنل سیکرٹری انیمل /شیپ ہسبنڈری ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ قانون ، ان محکموں کے ضلع افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری جموں ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں اور جموں خطے کے ضلع افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر سامون نے اس موقعہ پر ضلع افسران سے خالی پڑی آسامیوں کی تفصیلات حاصل کیں اور انہیں ان آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے بھرتی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اُن تمام  آسامیوں کو بھی پُر کرنے کی ہدایت دی جو کورٹ کیسوں کی وجہ سے رُکے پڑے ہیں ۔ اس سلسلے میں پرنسپل سیکرٹری نے محکمے کے قانون سے متعلق افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایسے معاملات کو نمٹانے کیلئے اقدامات کریں ۔ محکمے میں افرادی قوت کا اضافہ کرنے پر زور دیتے ہوئے سامون نے کہا کہ ان آسام،یوں کو پُر کرنے سے سینکڑوں بے روز گار نوجوانوں کو روز گار فراہم ہو گا بلکہ محکمہ کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے ایس ایس آر بی کے چئیر مین زبیر احمد کے تعاون کی تلقین بھی کی تا کہ مقررہ وقت کے اندر ان آسامیوں کو پُر کیا جائے گا ۔
 
 

سماجی بہبود کے 61فیصد پروجیکٹ مکمل، بقیہ زیر تکمیل 

ہر ضلع میں سپر بازار کے قیام کاامکان کے جائزہ کی ہدایت 

سرینگر //سیکرٹری سماجی بہبود کواپریٹوز اور قبائلی امور ڈاکٹر فاروق احمد لون نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ایک ضلع میں سُپر بازار قایم کرنے کے امکانات کا جائیزہ لیں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں اور روز گار کے وسائل بھی پیدا ہو سکیں ۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں کواپریٹو محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رجسٹرار کواپریٹو سوسائیٹی ایم ایم رحمان نے جانکاری دی کہ ریاست میں اس وقت 966 رجسٹرر سوسائیٹیاں کام کر رہی ہیں انہوں نے کواپریٹو سُپر بازاروں کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ سیکرٹری کو مختلف شعبوں میں ہاتھ میں لی گئی کئی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ منظور شدہ 75 پروجیکٹوں میں سے 46 پروجیکٹ مکمل طور کام کر رہے ہیں جبکہ 19 پروجیکٹ تکمیل کے مختلف مراحل سے گذر رہے ہیں ۔ ڈاکٹر لون نے کواپریٹو محکموں کے اثاثوں کا بھی جائیزہ لیا اور کہا کہ ان سے بھر پور استفادہ کیا جانا چاہئیے ۔ سیکرٹری کو ملازمین کے مسائل کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی انہوں نے یہ مسائل جلد از جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ میٹنگ میں جوائینٹ رجسٹرار کواپریٹو سندیش گپتا ، ایڈیشنل سیکرٹری کواپریٹو سرجیت سنگھ ، فائنانشل ایڈوائیزر عبدالحمید اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ 
 
 

جموں میں  RAPID ONYX کی نقاب کشائی 

عظمیٰ نیوز 
جموں//ویلاسٹی موٹرز نے آج یہاں RAPID ONYX نامی گاڑی کی نقاب کشائی کی۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ، برانچ منیجر جموں کشمیر بنک روہت مہاجن بطور مہمان خصوصی موجود تھے جب کہ وہیلاسٹی موٹرز کے ڈائریکٹر اتل ابرول، گورمیندر سودن اور مدثر نبی شیخ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ گاڑی کی شروعاتی قیمت 9.75لاکھ روپے ہے اور یہ دو رنگوں میں دستیاب ہے ۔ اسے مینول اور آٹو میٹک گیئر سسٹم کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل دونوں طرح کے ایندھن سے چلنے کے قابل بنا یا گیا ہے ۔ سفید اور نیلے رنگ میں دستیاب یہ گاڑی جدید ترین تکنالوجی سے تیار کی گئی ہے جس میں حفاظتی اقدامات کے علاوہ موسیقی اور دیگر سہولیات بھی دستیاب رکھی گئی ہیں۔ 
 
 

بھیم سنگھ کا آنجہانی جے پرکاش نارائن کو خراج 

جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے کارکنوں اور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی نے آج مل کر بھارت رتن لوک نائک جے پرکاش نارائن کو ان کے یوم پیدائش پر یاد کیا، جن کی پیدائش  11اکتوبر، 1902  میں ہوئی تھی۔ آنجہانی جے پرکاش نارائن نے کانگریس کے پلیٹ فارم سے آزادی کی لڑائی شروع کرنے سے پہلے ہندستان اور امریکہ میں تعلیم حاصل کی۔ہندستان کے لوگ جے پرکاش نارائن کو ان کی 1967میں شروع کی گئی صاف سیاست تحریک کے لئے یاد کرتے ہیں۔انہوں نے کانگریس کے پلیٹ فارم سے 1948میں تحریک کی قیادت کی اور 1952میں پرجا سوشلسٹ پارٹی قائم کی۔ انہو ںنے  ونوبا بھاوے کی  بھودان یوجنا  کے نام ا پنی پوری  زندگی  وقف کردی تھی کیونکہ پورا ملک مہنگائی  اور بے روزگاری سے متاثر تھا۔ انہوں نے گجرات سے نونرمان آندولن کی شروعات اور قیادت کی۔  نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی  پروفیسر بھیم سنگھ نے ، جو اس وقت جموں وکشمیر میں کانگریس کے رکن اسمبلی تھے،  لوک نائک جے پرکاش نارائن سے  8اکتوبر، 1979کو ان کے انتقال سے قبل کدم کولم میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے انہیں ڈاکٹر کرن سنگھ کا ایک خط دیا تھا۔ اس وقت جے پرکاش بیمار تھے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اپنے ساتھیوں اور دوستوں کے ساتھ نئی دہلی میں ان کا یوم پیدائش منایا۔
 

ریاست میں 16 کلسٹر ٹرائبل ماڈل ولیجز کے قیام کو منظوری

ڈوڈہ ، راجوری ، پونچھ ، ریاسی ، کٹھوعہ ، بڈگام اور کلگام شامل 

سرینگر // مرکزی حکومت نے سال 2018-19 کے دوران 16 نئے سی ٹی ایم وی قایم کرنے کو منظوری دی ہے جس سے ریاست کی ایس ٹی آبادی کو کافی فائدہ ملے گا ۔ مرکزی حکومت نے 2016-17 اور 2017-18 کے دوران ریاست کے 13 اضلاع کیلئے 17 سی ٹی ایم وی منظور کئے ۔ ان اضلاع میں پلوامہ ، شوپیاں ، اننت ناگ ، کپواڑہ ، لیہہ ، کرگل ، ڈوڈہ ، راجوری ، پونچھ ، ریاسی ، کٹھوعہ ، بڈگام اور کلگام شامل ہیں ۔اس بات کا انکشاف سیکرٹری سماجی بہبود ، کواپریٹوز و قبائلی امور ڈاکٹر فاروق احمد لون نے آج قبائلی امور محکمے کی ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں اکلاوئیا ماڈل رہایشی سکول اور کلسٹر قبائلی ماڈل ولیجز کے قیام کے جائزہ کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر قبائلی امور محمد رفیع ، ڈائریکٹر فائنانس ڈاکٹر ایس کے سین اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی سرکار نے ایس ٹی طلاب کو مفت تعلیمی اور قیام و طعام کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اننت ناگ ، کلگام ، راجوری ، کرگل اور پونچھ میں پانچ ای ایم آر ایس منظور کئے ہیں اور اس طرح کے ہر ایک سکول میں 480 طلاب کی گنجائش ہو گی ۔ ای ایم آر ایس کلگام اور اننت ناگ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں جبکہ ای ایم آر ایس راجوری ، کرگل اور پونچھ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا ۔ کلسٹر ٹرائبل ماڈل ولیجز کے قیام کے حوالے سے جانکاری دی گئی کہ ان ولیجز میں ایس ٹی آبادی کیلئے تعلیم ، صحت ، ہنر مندی ، باغبانی ، زراعت ، سیاحت ، آر ڈی ڈی ، پی ڈبلیو ڈی ، پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ سیکرٹری موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیرات کے معیار کی طرف بھر پور توجہ دیں ۔ انہوں نے التوا میں پڑے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

تازہ ترین