پینتھرز جموں خطہ کیلئے واحد متبادل : ہرشدیو سنگھ

بی جے پی پر ڈوگروں کا جذباتی استحصال کرنے کا الزام

12 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

عظمیٰ نیوز
جموں //بھارتیہ جنتا پارٹی پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اور پینتھرز پارٹی کے چیئر مین ہر شدیو سنگھ نے آج کہا کہ جموں کے کاز کے لئے لڑنے کے لئے پینتھرز پارٹی ہر دم تیار بر تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی اور نہ ہی کشمیر مرکوز سیاسی جماعتوں جموں کے مسائل کے حل کے لئے کچھ کر سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ریجنل جماعت ہی یہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اب ان سیاسی جماعتوں کی شعبدہ بازیوں کو سمجھ لیا ہے اور انتخابات میں وہ ان لیڈروںکو بھر پور جواب دیں گے۔ سانبہ کے مختلف مقامات پر عوامی جلسوں کو خطاب کرتے ہوئے ہرشدیو نے کہا کہ بی جے پی نے ڈوگروں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے اور پینتھرز پارٹی ہی جموں میں ایک درست اور کارگر متبادل فراہم کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف 23ستمبر کو چھٹی کا اعلان کروانے میں بی جے پی ناکام رہی بلکہ وہ رسانہ معاملہ کی سی بی آئی جانچ بھی نہ کروا سکی بلکہ ڈوگروں کو زانیوں کے ہمدرد اور مدد گار بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پی ڈی پی کے آگے سرینڈر کر دیا تھا اور یہ پارٹی اقتدار کے لئے دو نمبر کی جماعت بن کر رہ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں جموں کے ساتھ امتیاز ہوا، نوکریاں ہوں یا پروجیکٹ جموں خطہ کو اپنا حصہ نہ ملا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 11ہزار سنگ بازوں کے معاملات واپس لے لئے گئے جب کہ جموں میں 2008ایجی ٹیشن کے معاملات ابھی تک واپس نہیں لئے جا سکے ہیں۔ اس موقعہ پر سابق وزیر یشپال کنڈل اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔ 

تازہ ترین