تازہ ترین

گاندھی نگر ہسپتال کا اچانک معائینہ

افسران کی ٹیم نے نو تعمیر شدہ یونٹوں کا جائزہ لیا

11 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن بھوپندر سنگھ کی صدارت میں افسران کی ایک ٹیم نے بدھ کے روز گاندھی نگر ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا اور وہاں دستیاب کرائی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر چندر پرکاش ، ڈاکٹر ایل ڈی بھگت، ڈاکٹر ہرجیت رائے، ڈاکٹر نریندر بھٹیال اور ڈاکٹر میناکشی ورما بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گاندجی نگر ہسپتال ڈاکٹر اے ڈی ایس منہاس اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پروپکار سنگھ نے ٹیم کو ہسپتال کے کام کاج کے بارے میں بتایا۔ ٹیم نے لیبر روم، اوپریشن تھیٹر، این سی یو، ڈائلسز یونٹ، سکل لیب، آیوش کلینک، وارڈوں، لیبارٹری، ریڈیالوجی یونٹ اور او پی ڈی کا دورہ کر کے اس کا معائینہ کیا۔ انہوں نے گاندھی نگر ہسپتال کے زیر تعمیر حصہ کا بھی دورہ کیا اور اس دوران مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ ٹیم نے ہسپتال کی حالت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ کو مزید لگن و محنت کیساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔