تازہ ترین

انوشکا کو بھارتی کرکٹ ٹیم کیساتھ تصویربنانا مہنگا پڑگیا

9 اگست 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
ممبئی /بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ تصویر کھچوانامہنگا پڑگیا ہے۔بھارتی کپتان کی اہلیہ انوشکا شرما نہ صرف اپنے شوہر کو سپورٹ کرتی ہیں بلکہ ٹیم کے بیرون ملک دوروں میں کرکٹ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں بھی موجود ہوتی ہیں اورمیچ میں اپنے شوہر کا حوصلہ بڑھاتی دکھائی دیتی ہیں جبکہ کوہلی کو سپورٹ کرنے اور ہرقدم پر ان کا ساتھ دینے پر میڈیا میں بھی انہیں بے حد سراہا جاتا ہے تاہم اس بار انوشکا بڑی مشکل میں پھنس گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات اورانوشکا ان دنوں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں جہاں انوشکا شرما کے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ تصویر کھنچوانے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔یہ تصویر دراصل لندن میں بھارتی ہائی کمیشن میں لی گئی جس میں پوری بھارتی کرکٹ ٹیم نظرآرہی ہے اوردرمیان میں سب سے آگے انوشکا شرما بھی کھڑی ہیں تاہم سوشل میڈیا پر اس تصویر پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔سوشل میڈیا پر صارفین نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی آفیشل تصویر میں انوشکا کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کا نائب کپتان سب سے پیچھے کھڑا ہے جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی خاتون اول سب سے آگے کھڑی ہیں اور اب کچھ دنوں بعد وہ لوگوں کو اس حوالے سے لیکچر دیتی ہوئی بھی نظر آئیں گی۔ایک نے لکھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کس طرح کسی کی بیوی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آفیشل وزٹ پر جانے کی اجازت دے سکتا ہے جبکہ ایک نے طنزیہ لہجہٰ اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ انوشکا شرما کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دیکھ کر بڑی خوشی ہورہی ہے، کیا انوشکا انگلینڈ کے خلاف اگلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ہیں؟