تازہ ترین

موسلادھار بارشوں سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا

ڈوڈہ میں طالب علم غرقاب ،12اگست تک موسم بارانی رہنے کی پیشگوئی

8 اگست 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید +محمد تسکین
سرینگر +بانہال //ٹنل کے آر پار بارشوں سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔وادی، خطہ چناب اور پیر پنچال میں پسیاں گرنے، بجلی کی ترسیلی لائنیں اکھڑنے اور درخت گرنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ اُدھر ڈوڈہ میں ایک 9ویں جماعت کا طالب علم نالہ میں بہہ گیا جبکہ پونچھ میں ندی نالوں میں آنے والی ظغیانی سے کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ سرینگر میں 44ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 60 ، پہلگام میں 13 ،کوکرناگ میں 5 ، جموں میں 39 ، بانہال میں 20، بٹوٹ میں 61 ، کٹرہ میں 52 ، بھدرواہ میں 35 ، اور ادھمپور میں 52ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنل کے آر پار 12اگست تک موسم ابرآلودہ رہے گا اور اس بیچ صبح اور شام کہیں کہیں بارشیں بھی ہو سکتی ہیں اور 12اگست کے بعد موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ہے ۔سوپور سے نمائندے غلام محمد نے اطلاع دی ہے کہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں سوپور اور پٹن کی سڑکیں زیر آب آگئیں۔بارہمولہ سے فیاض بخاری  کے مطابق بارشوں اور تین ہوائوں کی وجہ سے حیدر بیگ پٹن میں شاہراہ پر درخت گرنے کی وجہ سے 2گھنٹے تک ٹریفک جام رہا جبکہ گرلز ہائی سکنڈری سکول بارہمولہ کے سامنے سڑک پر پانی جمع ہونے سے سکولی بچیوں کو عبور ومرور میں سخت دقتیں پیش آئیں ۔ بڈگام میں بھی تیز بارشوں کا سلسلہ صبح سے ہی جاری رہا جس دوران یہاں کے ندی نالوں میں پانی کا تیز بہائو دیکھنے کو ملا ۔ادھر ڈوڈہ سے نمائندے ظاہر ندیم خان نے اطلاع دی ہے بلیسہ ڈوڈہ میں تازہ سیلاب آنے کی وجہ سے راجہ اویس نامی 9ویں جماعت کا ایک طالب علم پانی میں بہہ گیا ۔ چنی بنگل علاقے کا رہنے والا یہ کمسن طالب علم امتحان میں شرکت کرنے کیلئے صبح سکول جا رہا تھا تو اس دوران چنس کراسنگ کے نزدیک پائو پھسلنے کی وجہ سے نالہ چنیاس میں گر گیاجس کے بعد مقامی لوگوں اور پولیس سٹیشن گنڈوکے اہلکاروں نے ریسکیو اپریشن شروع کر کے نوجوان کی  لاش باہر نکالی ۔اس واقعہ کے بعد ڈی سی ڈوڈہ نے تمام اسکولوں کو احتیاطی طور پر بند رکھے کے احکامات صادر کئے اور امتحانات کو بھی ملتوی کیا گیا۔ اس دوران ڈوڈہ کی اکثر سڑکیں جن میں بٹوٹ کشتواڑ، دنسال اثر اور کورہ پانی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئیں اورشام دیر گئے سڑکوں سے پسیاں اور پتھر ہٹا کر انہیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کر دیا گیا ۔ خطہ پیر پنچال سے اطلاع ہے کہ وہاں سوموار کی شام سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہواتھا جس میں منگل کے روز مزید تیزی آئی اور دونوں اضلاع میں شدیداور موسلادھار بارشیں ہوئیں۔بارش کے باعث طلباء سکول نہیں جاسکے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی بہت کم رہی ۔دریں اثناء نوشہرہ کے جھنگڑ سریا علاقے میں گائو خانہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میںچند مویشی ہلاک ہوئے۔اسی طرح کالاکوٹ میں بھی گائو خانہ زمیں بوس ہوا جس کے باعث اجیت سنگھ ولد وجے سنگھ ساکن بروہ کے پانچ مویشی ہلا ک ہوئے ۔ پونچھ پولیس نے دریائے سرن میں پھنسے ایک شہری اور اس کے مویشیوں کو بحفاظت نکال لیا۔ضلع ڈوڈہ ،رام بن ،کشتواڑ اوراودھم پور کے اوپری علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے متعددرہائشی اورغیررہائشی عمارات کونقصان پہنچا ۔